کولکاتا،24؍مارچ (ایس او نیوز؍ایجنسی) مغربی بنگال میں سیاسی تشدد لگاتار جاری ہے۔ بیر بھوم میں ٹی ایم سی لیڈر کے قتل کے بعد تشدد برپا ہوا تھا، اس کے دو دن بعد نادیہ میں ٹی ایم سی لیڈر کو گولی مار دی گئی۔ اتنا ہی نہیں ہگلی کے تارکیشور میں ترنمول کی خاتون کونسلر کو کار سے روندنے کی کوشش کی گئی۔ خاتون کونسلر روپا سرکار کو تشویشناک حالت میں اسپتال میں داخل کرایا گیا۔
مغربی بنگال میں گزشتہ ماہ بلدیاتی انتخابات ہوئے تھے۔ اس کے بعد سے مسلسل سیاسی تشدد کے واقعات منظر عام پر آ رہے ہیں۔ اس سے پہلے پیر کے روز بیر بھوم کے رام پور ہاٹ میں ٹی ایم سی لیڈر کا قتل کر دیا گیا تھا۔ ٹی ایم سی پنچایت لیڈر بھادو شیخ پر بم پھینکا گیا تھا۔ رام پورہاٹ میں ٹی ایم سی لیڈر کے قتل کے بعد تشدد پھوٹ پڑا۔ یہاں کئی گھروں کو آگ لگا دی گئی۔ آگ لگنے سے 2 بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔
رام پورہاٹ میں تشدد کے حوالہ سے بی جے پی اور ٹی ایم سی میں گھمسان جاری ہے۔ بی جے پی نے تشدد کے لئے ٹی ایم سی کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ جبکہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ بیر بھوم میں تشدد کا واقعہ افسوسناک ہے لیکن اس طرح کے واقعات دیگر ریاستوں میں بھی ہوتے ہیں۔
وزیر اعظم مودی بھی بیر بھوم تشدد پر غم کا اظہار کر چکے ہیں۔ انہوں نے ٹوئٹ کرکے کہا تھا کہ مجھے امید ہے کہ ریاستی حکومت بنگال کی عظیم سرزمین پر ایسے گھناؤنے گناہ کرنے والوں کو ضرور سزا دے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ میں بنگال کے لوگوں سے بھی اپیل کروں گا کہ وہ ایسے واقعات کے قصورواروں کو کبھی معاف نہ کریں، جو مجرموں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے میں ریاست کو یقین دلاتا ہوں کہ مجرموں کو جلد از جلد سزا دلانے کے لئے جو بھی مدد کرنا درکار ہوگی فراہم کی جائے گی۔
خیال رہے کہ بدھ کی شب ٹی ایم سی لیڈر سہدیو منڈل کو گولی مار دی گئی۔ سہدیو کی بیوی انیما منڈل بگولا گرام پنچایت کی رکن ہیں۔ مقامی لوگوں نے رات میں سہدیو کو خون آلود حالت میں سڑک پر پڑا پایا۔ آس پاس کے لوگ اسے بگولا کے سرکاری اسپتال میں لے گئے۔ حالت بگڑنے کی وجہ سے انہیں کرشنا نگر، شکتی نگر کے اسپتال ریفر کر دیا گیا۔